ڈیرہ غازی خان‘ تونسہ شریف (بیورو رپورٹ‘ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں بارتھی اورمانکا (فاضلہ) کے علاوہ تونسہ شریف کابھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سب سے پہلے کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے بارتھی پہنچے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے بارتھی میں قبائلی عمائدین اورمقامی لوگوں نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچی روایت کے مطابق ’’حال احوال‘‘ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے الیکشن زیادہ دور نہیں،قوم انتخابات کی تیاری کرے۔قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور عمران خان کو عوامی رابطہ مہم میں بے پناہ پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔عوامی خدمت خلوص نیت سے کی،ضمیر مطمئن ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ قوم کی ترجمانی کی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف نہ کبھی انتقامی کارروائی کی اور نہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قبائلیوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے والد سردار فتح محمد خان بزدارمرحوم کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قبائلی علاقے مانکا(فاضلہ)کا بھی وزٹ کیااورعلاقے میں ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقامی لوگوں سے ملاقات بھی کی اوران کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار تونسہ پہنچے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بزدار ہاؤس میں معززین علاقہ اور شہریوں سے ملاقات کی۔رکن پنجاب اسمبلی خواجہ داؤد سلیمانی بھی ہمراہ تھے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے لوگوں سے سرائیکی زبان میں خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے تونسہ کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔تونسہ کو ضلع بنانے کا وعدہ کیا تھا،جو پورا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار چودھری پرویز الہی کامیاب ہوں گے اورچودھری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے تونسہ کے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹ،ریسٹ ہاؤس،سنگھڑ پل،لالو دائرہ شاہ سپر،پارکس، ای لائبریری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔