کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان ریڈ کریسنٹ (پاکستان ہلال احمر) کی سندھ برانچ کے حکام نے بدھ کو کہا کہ شدید موسمی حالات، خاص طور پر گرمی کی شدد میں اضافے کی وجہ سے ہونے والے ہیٹ ویو کی وارننگ کے بعد، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آئندہ ہفتے صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عام لوگوں کی کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے تربیت شروع کرنے جا رہی ہے۔ پاکستان ہلال احمر سندھ کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہم سب کو سالانہ بنیادوں پر قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہیٹ ویوکی صوتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ مل کرکلفٹن کراچی میں قائم اپنیٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سول سوسائٹی کی تنظیموں، صحافیوں، عام لوگوں، اور رضاکاروں کو ہفتے میں دو دن تربیت دینا شروع کرے گا۔ سینئر صحافیوں بشمول ہیلتھ رپورٹرز نے اس میٹ اپ میں شرکت کی، جس کا اہتمام میڈیا والوں کو پاکستان ریڈ کریسنٹ کی سرگرمیوں سے آگاہ کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔