ٹریفک پولیس کی لوٹ ماراورنارواسلوک کا۔۔۔نوٹس لے ، کاشف شیخ

Apr 15, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے شہریوں سے ٹریفک پولیس کی لوٹ ماراورنارواسلوک کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ چند کالی بھیڑیوں کی وجہ سے پورا محکمہ بدنام اورعوام کی بددعائیں لے رہا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ ٹریفک پولیس کی کرپشن و غفلت کی وجہ سے شہری ٹریفک جام کے دہرے عذاب کا شکارہیں۔ٹریفک حادثات اورگھنٹوں ٹریفک جام رہنے کے باوجود ان کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگتی مگرچندمنٹوں میں غریب آدمی کی موٹرسائکل اٹھانے وچالان کرنے میں دیر نہیں کرتے۔مین شاہراہوں پرسرراہ گاڑیوں کو روک کر شہریوں کو تنگ اورٹریفک جام کرنا اب معمول بنادیا گیا ہے۔سہراب گوٹھ،الآصف چورنگی،میٹھادر کھارادر،صدر اورچمڑاچورنگی کو لوٹ مارکے مرکزبنادیئے گئے ہیں۔اب شہری ڈاکووں سے کم ان سے زیادہ لٹتے ہیں۔گذشتہ روزہ لیاری کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کی جانب سے یونی پلازہ آئی آئی چندریگر روڈ پر شہریوںکوبے جاتنگ کرنے سے روکنے پر ٹریفک ایس او بدتمیزی پر اترآئے اوربرملاکہاکہ یہ بھتا "اوپرتک" جاتا ہے۔اس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ یہ مافیا کتنی طاقتور ہے جب ایک منتخب رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ ان کا یہ رویہ ہے توپھر ایک عام آدمی کے ساتھ یہ کس طرح پیش آتے ہوں گے۔ بدقسمتی سے دیگر اداروں کی طرح ٹریفک پولیس نے بھی کراچی کو سونے کی چڑیا سمجھ کر لوٹمار کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔رمضان شریف کے بابرکت مہینہ میں بھی یہ اللہ کے بندے شہریوں کو نہیں بخشتے۔صوبائی رہنما نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک پولیس کے اس ظالمانہ روش کا نوٹس لیکر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے مگرشہریوں کو بیجاتنگ کرنے کی بجائے ٹریفک قوانین پرعمل درآمدکی عوام کو آگاہی بھی ضروری ہے۔ سب سے زیادہ چالان بنانا نہیں بلکہ عوامی شعور کی آگاہی، ٹریفک روانی، حادثات میں کمی ہی اصل محکمہ کی کامیابی تصور ہوگی۔

مزیدخبریں