کراچی(کامرس رپورٹر)سابق چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایسوسی ایشن آف پاکستان(ریپ)،کنوینرایف پی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے رائس ایکسپورٹ رفیق سلیمان نے میاں شہباز شریف کوپاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے اور سربراہ مملکت کی حیثیت سے منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو یقین ہے کہ نومنتخب وزیراعظم موجودہ صورتحال میں معاشی حالات کو بہتری کی جانب گامزن کرنے،جی ڈی پی کی شرح کو مزید بہتر کرنے، زرعی شعبے کی مزید ترقی پر توجہ دیں گے۔ رفیق سلیمان نے کہاکہ شہباز شریف کا وزیراعظم پاکستان منتخب ہونا کاروباری برادری کے لیے حوصلہ افزا ہے، امید ہے کہ شہباز شریف قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی پر خصوصی توجہ دے گا۔
انہوں نے کہا کہایگریکلچر پر جو سرکاری پروگرام چل رہے ہیں وزیراعظم شہباز شریف نہ صرف انہیں جاری رکھیں بلکہ گزشتہ حکومت نے جن ایگریکلچرل مشینری پر ڈیوٹی لگا دی ہے اسے ختم کیا جائے۔رفیق سلیمان نے مزید کہاکہ چاول کی برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ آسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چاول کی کاشت مکینیکل ٹرانس پلانٹگ سے ہونی چاہیئے اس کی وجہ سے20 فیصد لائن لاسز دور ہوسکیں گے اور چاول کی کاشت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے شہباز شریف حکومت سے درخواست کی کہ چاول کی کاشت کیلئے رقبہ بڑھایا جائے، اس وقت پاکستان کو ڈالرز کی بے حد ضرورت ہے،رائس سیکٹر وہ واحدایساسیکٹر ہے جو پورے پاکستان کی تقریباً10 فیصدایکسپورٹ کے حصے کے ساتھ ملکی زرمبادلہ کے حصول کیلئے اپناکردار ادا کر رہا ہے۔
انکاکہنا تھاکہ نئے وزیر اعظم کو معاشی ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا ہو گی۔
نومنتخب وزیراعظم زرعی شعبے کی ترقی پرمزید توجہ دیں ،رفیق سلیمان
Apr 15, 2022