لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین، پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن ،سابق صدر لاہور چیمبر،شہزاد علی ملک (SI) اور ایسوسی ایشن اراکین نے محمد شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دفتر میں ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔شہزاد علی ملک نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اور پاکستان بھر کی تاجر برادری خصوصاً لاہور چیمبر کیلئے فخر کی بات ہے کیونکہ محمد شہباز شریف کا تعلق لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ہے اور وہ فاؤنڈرز گروپ کے کامیاب ترین صدر تھے۔ انہوں نے اپنے دور میں ایل سی سی آئی میں مکمل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کی قیادت کی جو اب ملک کے اس پریمیئر اور سرکردہ چیمبر کیلئے کامیابی کی علامت ہے۔ شہزاد علی ملک (SI) نے کہا کہ ہم ہمیشہ محمد شہباز شریف کے معمول کے اوقات سے بڑھ کر کام کرنے اور معاشی اور فلاحی ایجنڈے کو مناسب انداز میں ترجیح دینے کے انداز سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا ٹائم مینجمنٹ اور وسائل کا بہترین استعمال ان کی ماضی کی کامیابیوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کیلئے چیلنجز نئے نہیں ہیں اور وہ کاروباری برادری کیساتھ متعدد مسائل پر بات چیت کر رہے ہیں اور کامیابی سے حل کرنے کا انتظام بھی کر رہے ہیں۔ چیئرمین، پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی توجہ بیجوں پر عائد 17% سیلز ٹیکس کی طرف مبذول کراتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا کہ اگر پاکستان واقعی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا چاہتا ہے تو اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔
اس محصول نے نہ صرف سی پیک فیز 2 چائنہ ہائبرڈ ایگریکلچر ماڈل، ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج کی تحقیق ،ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں ممکنہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پریشان کیا ہے بلکہ سیڈ سیکٹر میں شامل مقامی کمپنیوں، کسانوں اور زرعی بنیادوں پر لاکھوں افراد کو بھی پریشان کیا ہے۔ لیوی اگر فوری طور پرواپس نہ لی گئی تو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔