گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن احسان بھٹہ نے ضلع منڈی بہاوالدین کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامی افسران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی اور ان پر عوامی اعتماد کو بحال کرنے کے سلسلہ میں افسروں کو خود فیلڈ میں جا کر عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے ساتھ سروس ڈیلیوری کے معیار میں بھی واضح بہتری لا ناہو گی۔ عوام الناس کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے وہ ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں افسروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کمشنر نے اپنے دورہ منڈی بہاولدین میں لیدھر کلاں گرلز سکول‘ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج، سپیشل ایجوکیشن سنٹر،لیڈیز پارک‘گندم خریداری مرکز،دیہی مرکز مال مانگٹ‘ سستارمضان بازارپھالیہ، مختلف سرکاری دفاترکا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں پر دستیا ب سہولیات اور نرخ اور تدریسی و ہم نصابی سر گرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام افسر‘ اساتذہ اور سرکاری ملازمین فرائض کی ادائیگی کے لئے ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں اور عام آدمی کی زندگی میں آسانی کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔بعد ازاں کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، چلڈرن ہسپتال کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔ انہوں نے زیر تعمیر پھالیہ روڈ کے معائنے کے دوران کہا کہ ضلع میں جاری تر قیاتی منصوبوں میں معیاری تعمیراتی مٹیریل کے استعمال اوران منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کیلئے بھی تمام ممکنہ وسائل برو ئے کار لا ئے جا ئیں۔