گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ چیمبرکے صدر محمد شعیب بٹ نے موٹروے لنک کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ گوجرانوالہ کے شہریوں اور بزنس کمیونٹی کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تمام فزیبلٹی رپورٹس تیار ہو چکیںجبکہ کچھ معاملات طے کرنا باقی ہیں۔سابق صدر چیمبر عمر اشرف مغل نے صدر چیمبر کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے لنک کے حوالے سے تمام پروپوزلز پر کام ہوچکا ،ایسے بڑے منصوبے حکومتی سطح پر مرتب کئے جاتے ہیں جس پر کچھ وقت درکار ہوتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مجھے انتہائی افسوس ہے کہ چیمبر الیکشن میں بری طرح شکست کھانے والے افراد رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جھوٹ بول کرسیاست چمکانے اور بزنس کمیونٹی میں اپنی ساکھ بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ جھوٹے الزامات سے موجودہ رجیم کی کارکردگی پر کچھ فرق نہیں پڑتا۔ اگر کسی شخص نے اس منصوبے پر کوئی رقم دی ہے تو سامنے آئے اس پراجیکٹ میں کسی بزنس مین سے کسی قسم کی کوئی رقم نہیں لی گئی صدر گوجرانوالہ محمد شعیب بٹ نے کہا کہ صرف یونٹی ون یونٹی گروپ نے منصوبے پر شروعاتی کاموں کیلئے کمپنی بنا کر اخراجات برداشت کئے ۔گوجرانوالہ چیمبر اس منصوبے کیلئے پوری جدوجہد کر رہا ہے لہٰذا چیمبرالیکشن میں شکست خوردہ افراد غیرضروری اور بے بنیاد بیانات لگوا کر بزنس کمیونٹی کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔