مہنگائی کی شرح میں 0.6 فیصد کمی ، 26 اشیائے ضروریہ کی قیمت بڑھ گئی : ادارہ شماریات 

Apr 15, 2023


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 44.61 فیصد جبکہ حالیہ ہفتے میں 26اشیائے ضروریہ مہنگی، 09 سستی اور 16کی قیمتیں مستحکم ریکارڈ کی گئی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 13 اپریل 2023 کو ختم ہونے والے حالیہ ہفتے کے دوران 44 ہزار 175روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والا طبقہ مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ محکمہ شماریات کے مطابق 13 اپریل 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.60فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ اس ایک ہفتے کے دوران آلو، چینی، انڈے، دال مسور، نمک، بیف، مٹن، گڑ، چکن، واشنگ سوپ، دال ماش، چاول، ماچس، ایل پی جی، کھلا تازہ دودھ اور دہی سمیت مجموعی طور پر 26اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ محکمہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران آلو 8.59فیصد، انڈے 2.65فیصد، ایل پی جی 4.47فیصد، چکن 2.19فیصد، واشنگ سوپ 1.83 فیصد، کیلے 1.64فیصد، دال ماش 1.45 فیصد اور گڑ 1.25 فیصد مہنگے ہوئے۔ جبکہ ٹماٹر 22.43 فیصد، پیاز 15.85 فیصد، دال مونگ 0.35فیصد، دال چنا 0.82 فیصد، آٹا 2.75 فیصد، سرسوں کا تیل 0.09فیصد، اور لہسن 1.29 فیصد سستا ہوا۔
مہنگائی

مزیدخبریں