قصور(نمائندہ نوائے وقت) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ تہنیت بخاری کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی ریکوری کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنر ز‘ڈسٹرکٹ سروس سنٹر انچارج اراضی ریکارڈ، تحصیلدار زاور تمام ریونیو افسروں نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس‘انتقالات‘ آبیانہ‘ تاوان‘ سٹیمپ ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز کی وصولی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں 2کروڑ 31لاکھ 32ہزار روپے کی ریکوری‘ ایف بی آر کی مدمیں 60لاکھ روپے، واٹر ریٹ کی مد میں 7کروڑ 85 لاکھ 41ہزار، واٹر ریٹ سابق کی مد میں 40لاکھ 89ہزار 480روپے، رجسٹریشن فیس کی مد میں 22لاکھ 69ہزار 700روپے کی ریکوری‘ زرعی ٹیکس کی مد میں 8کروڑ 32لاکھ 83ہزار، آبیانہ کی مد میں 7کروڑ 85لاکھ 41ہزار 232روپے‘انتقالات کی مد میں 2کروڑ31لاکھ 32ہزار937روپے کی ریکوری اور دیگر ٹیکسز کی مد میں ریکوری کر کے حکومتی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ تہنیت بخاری نے افسروں کو حکم دیا کہ وہ گورنمنٹ کی ریکوری کو سو فیصد یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔