لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دستک مہم کے ذریعے اہلیان لاہور میں سیاسی شعوراُجاگر کریں گے اور عوام تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے۔ عوام نے مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کی تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے، سب نے ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا مال بنایا اور عوام کو مایوسی اور بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ملک و قوم کی معاشی بدحالی کے ذمہ داران نااہل اورآئی ایم ایف کے غلام حکمران ہیں۔ آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور اہل قیادت ہی ملک و قوم کے مسائل کا حل ہے۔ دستک مہم کے ذریعے تمام امیدوار صوبائی اسمبلی ہر گلی، محلے اور فرد تک قرآن و سنت کا پیغام پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشاط کالونی میں پی پی 156 کے ورکرز کنونشن اور افطار ڈنر تقریب سے خطاب کرتے وئے کیا۔ اس موقع پر امیدوار پی پی 156 میاں خبیب نذیر، گروپ لیڈروارڈ نمبر 2 ولٹن کینٹ، امیر جماعت اسلامی پی پی 156 عمران شریف سمیت دیگر بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔
دستک مہم :اہلیان لاہور میں سیاسی شعوراُجاگر کرینگے:ضیاءالدین انصاری
Apr 15, 2023