لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ مزدوری ،ملازمت کی وجہ روزہ چھوڑنے کی اجازت نہیں۔ ماہ صیام میں عبادات اور انفاق فی سبیل اللہ کازیادہ اہتمام کیا جائے۔ اہل ثروت حضرات محروم طبقات کوعیدالفطرکی خوشیوں میں شامل کریں۔ ذہنی مریض روزہ نہ رکھے توسرپرست اسکی طرف فدیہ صوم ادا کرے۔ صدقہ فطر ہرصاحب نصاب آزاد مسلمان پر واجب ہے۔ صدقہ فطر واجب ہونے کیلئے نصاب پر سال کا گذرنا شرط نہیں۔ اگر کوئی شخص کسی وجہ سے رمضان کے روزے نہ رکہہ سکے تو اس پر بہی صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے۔ا ن خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدقہ فطر ہر وہ مال ہوتا ہے جسے مسلمان عید کے دن اپنے آپ کو پاک کرنے کی نیت سے اپنے مال میں سے محتاجوں کیلئے نکالتے ہیں اوراس سے اس کے روزہ میں پیدا شدہ خلل جیسے لغویات یا فحش بات کی تلافی مقصود ہوتی ہے جس شخص میں 3 شرطیں پائی جائیں اس پر صدقہ فطر واجب ہوتا ہے۔ مسلمان ہو ۔ آزاد ہو ۔ اپنے قرضے اور اصل ضروریات اور اہل و عیال کی ضروریات کے علاوہ نصاب کا مالک ہو۔ لہذا اس شخص پر جو قرض اور حوائج اصلیہ سے زائد نصاب کا مالک نہ ہو اس پر صدقہ فطر واجب نہیں۔
مزدوری ،ملازمت کی وجہ سے روزہ چھوڑنے کی اجازت نہیں:راغب نعیمی
Apr 15, 2023