لاہور( این این آئی)پاکستان کی ایک نجی بس سروس نے عید الفطر کے بعد اسلام آباد اور چین کے شہر تاشکورگان کے درمیان سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کے ایک نمائندے نے گوادر پرو کو بتایا کہ اسلام آباد سے تاشکرگان تک سروس 13 مئی 2023 کو شروع ہو جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 28 سیٹوں کی گنجائش کے ساتھ منی یوٹونگ بس چلائی جائے گی۔ یہ سفر امیگریشن کے عمل سمیت تقریباً 38 گھنٹے کا ہوگا۔ مسافر سوسٹ بارڈر پر ایک رات قیام بھی کریں گے ۔ کرائے کا تخمینہ 60ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔نمائندے کے مطابق سفر کے لئے ضروری تقاضوں میں اصل پاسپورٹ/کاپی، اصل ویزا/کاپی، درست ویزا اور چین کا دعوت نامہ(ویزا کیٹیگری )شامل ہے۔اس سروس کے آغاز کا ان پاکستانیوں نے بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا جو زمینی راستے سے چین جانا چاہتے تھے۔ پاکستان الپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری نے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔2019 میں مذکورہ کمپنی نے راولپنڈی،اسلام آباد اور چین کے شہر تاشکورگن کے درمیان بس سروس شروع کی تھی لیکن کورونا وباء کی وجہ سے اس میں تعطل آ گیا تھا ۔ راولپنڈی،اسلام آباد سے تشکرگن پہنچنے میں بس کو تقریباً 25 گھنٹے لگتے ہیں۔
نجی بس سروس کااسلام آباد ،چینی شہر تاشکورگان کیلئے سروس شروع کرنے کا اعلان
Apr 15, 2023