لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت انرجی ڈیپارٹمنٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ توانائی کی سالانہ ترقیاتی پروگرام کی سکیموں پرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ توانائی کی 33پرانی اور 8 نئی سکیموں پر کام جاری ہے۔پنجاب کے 3 شہروں گوجرانوالہ، ملتان اور میانوالی کو سولر سمارٹ سٹیز میں منتقل کرنے اور پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے پائلٹ پراجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں۔پنجاب کی غریب آبادیوں کو ایک کلو واٹ سولر سسٹم فراہمی کی سکیم 50فیصد مکمل ہوچکی جبکہ پنجاب گرڈ کمپنی کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرلی گئی ہے اسی طرح صوبے کی 10 سپورٹس فسیلیٹز کو سولر پر منتقل کر دیا گیا جبکہ باقیوں پر کام جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کی سولرائزیشن کیلئے فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرلی گئی ہے۔ سیکرٹری انرجی نے بتایا کہ انرجی ڈیپارٹمنٹ میں مین ریسورس ڈیٹا سینٹر بنے گا جہاں سولرائزیشن کے حوالے سے مکمل ڈیٹا موجود ہوگا۔صوبائی وزیر صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور عام آدمی کی فلاح کی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں۔سیکرٹری توانائی ڈاکٹر نعیم رؤف،ایم ڈی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ،پاور کمپنیوں کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
ایس ایم تنویر کی زیر صدارت اجلاس،سالانہ ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت کا جائزہ
Apr 15, 2023