لاہور (نامہ نگار) اسلام پورہ کے علاقے گنگا سٹریٹ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے عامر سرفراز عرف عامر تانبا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ عامر تانبا جیل میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملے میں ملوث تھا۔ واقعہ میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عامر تانبا کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق عامر تانبا جیل میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملے میں ملوث تھا۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے حملہ آور شوٹرز کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تھانہ اسلام پورہ پولیس نے عامر تانبا پر حملے کا مقدمہ اس کے بھائی جنید سرفراز کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ مقدمہ اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ میرا بھائی عامر سرفراز گھر کے اوپر والے پورشن میں موجود تھا۔ دو حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر عامر تانبا کو تین گولیاں ماریں اور موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے ہیں۔ ایک حملہ آور نے ہیلمٹ جبکہ دوسرے نے ماسک پہن رکھا تھا۔ ہم نے ایمبولینس میں زخمی بھائی کو ہسپتال منتقل کیا۔ 15 فائیو پر کال کرنے پر متعلقہ پولیس پہنچ گئی۔