لاڑکانہ( نوائے وقت رپورٹ) صدرمملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لیے مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں ہے پاکستان کو اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے بابوؤں کی سوچ سمجھ اور کم عقلی نے غریب کیا ہوا ہے۔گڑھی خدابخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکات کو مخاطب کرکے کہا کہ پاکستان کی نصیب میں یہ نہیں لکھا کہ ملک غریب رہے، یہ تو اسلام آباد میں بیٹھنے والے بابوؤں کی سوچ، سمجھ اور کم عقلی نے غریب کیا ہوا ہے، پاکستان غریب ملک نہیں ہے اور خدا نے سب کچھ دیا ہے اور ہم سب کچھ سنبھال سکتے ہیں صرف دماغ کی کچھ کمی ہے، آپس میں بیٹھ کر سوچیں تو کون سی چیز ہے جو ہمارے پاس نہیں ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاور میں عوام کی خدمت کرنا ہے، خدمت میں بھی ہماری جنگ ہے، بھئی آپس میں بیٹھو، بات کرو اور ایک پوائنٹ پر آؤ، اگر اس پوائنٹ پر نہیں آسکتے ہوتو پیچھے ہٹ جاؤ۔ اگر ہم ہمیشہ لڑتے رہے تو عوام پستے ہیں، اس لیے ہم ایک قدم لینے سے پہلے سوچیں تاکہ اگلی نسلوں کا کوئی نقصان نہ ہو، عوام کا نقصان ملک کا نقصان ہے، ملک کی تاریخ میں لوگوں نے پاکستان کا نقصان کیا ہے اور آج تک ہم اس نقصان کی قیمت ادا کر رہے ہیں ۔ ہمارے ساتھ مل کر چلیں اور عوام کو ساتھ لے کر چلیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ مجھے آج سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ قیامت کے روز میں جب بھٹو صاحب کے سامنے بیٹھوں گا تو وہ کہیں گے کہ بیٹا شاباس تم نے میرا پلان کیا، میں نے پہلے دن کہا تھا کہ ہر پلان کرکے آؤں گا، گڑھی خدا بخش میں اس وقت آؤں گا جب ہر پلان کیا ہوگا۔ انشااللہ پاکستان بنائیں گے۔ جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو پاکستان قومی اتحاد (پی این اے) پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، جو اپنی انا کی تسکین کے لیے ملک اور عوام کی قسمت کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بعض سیاستدان الیکشن سے متعلق دھاندلی کا ڈھول بجا کر معاشی اور سیاسی عدم استحکام لانا چاہتے ہیں، ملک کیخلاف سازش کر رہے ہیں ۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تجویز دے رہی ہے کہ تمام سیاستدان میز پر بیٹھ کرمفاہمت کا راستہ نکال کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، دھرنہ دھرنہ یا گلی گلوچ کی سیاست سے جمہوریت کا نقصان پہنچے گا اور اس سے عوام براہ راست متاثر ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا سیاستدانوں اور حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے کہ مہنگائی کے خلاف اپنا اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم وفاق کے ساتھ مل کر معاشی استحکام کے لیے کام کریں گے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا 10 فیصد حصہ عدلیہ کی اصلاحات پر مشتمل ہے جس کے لیے ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقید پیش کرتے ہیں اور دنیا تسلیم کرتی ہے کہ شہدا زندہ ہوتے ہیں اور آج بھی ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہے۔ذوالفقار علی بھٹو شہادت کے 45 سال بعد بھی اپنی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں۔
ملک غریب نہیں بابوئو ں کی سوچ نے کرر کھاہے زرداری : دھاندلی کا دھول سازش بلاول
Apr 15, 2024