اسلام آباد +کوئٹہ+پشاور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی+ خبر نگار خصوصی) خیبر پی کے کے ضلع دیر، چترال اور سوات میں بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے سے مزید 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی ہو گئے، تعداد 7 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق اپر چترال کے علاقے استارو میں چرواہا طوفانی بارش کی زد میں آکر پہاڑ سے گر کر جاں بحق ہوگیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ میدان لوئر دیر میں بھی شدید بارشوں سے مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث خاتون جاں بحق ہوگئی، مقامی لوگوں نے خاتون کی لاش ملبے سے نکال لی۔وزیر اعلی خیبر پی کے سردار علی امین گنڈاپور نے اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہم سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پاک افغان بارڈر نوشکی میں بارش سے پل ریلے میں بہہ گیا۔ دیہات کا رابطہ منقطع ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے۔ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 70 ملی میٹر بارش پسنی میں ریکارڈ کی گئی۔ کوٹری میں آندھی کے باعث 11 ہزار کے وی لائن کے تین پولز گر گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ خیبر پی کے میں بارش کے باعث مختلف واقعات میں مزید4 افرادجاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 15مکانات کو نقصان پہنچا، بارش سے 2گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 13گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔شہر کے مختلف علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی و گردونواح میں بوندا باندی ہوئی، فیروز پور روڈ، کینال اور جیل روڈ کے مختلف مقامات پر بھی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی میں بارش 15 اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ مغربی ہوائوں کا دوسرا سلسلہ 17 اپریل کو بلوچستان سے کراچی میں داخل ہو گا۔ پرونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) نے جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے مزید 4 افراد جان سے گئے تعداد21 ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق 9 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 9 بہاولنگر، بہاول پور اور لودھراں میں 3,3 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق مظفرگڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ صوبے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈاکٹر جنرل ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بارش کے دوران ملک میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب بھر میں بارش متاثرین کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے۔