اسلام آباد (آئی این پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکشن کی تیاری مکمل کر لی۔ذرائع کے مطابق چند روز تک تاجروں اور صنعت کاروں کو حتمی نوٹس مل جائیں گے، تاجروں کا رہن سہن، شاہانہ اخراجات ان کے ٹیکس ڈیٹا سے مطابقت نہیں رکھتا، ٹیکس چند ہزار جبکہ سالانہ آمدن کروڑوں میں ہے۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق بیشتر تاجروں اور صنعت کاروں نے متعدد پلاٹ لے رکھے ہیں اور ان کے بیرونِ ملک بھی بزنس ہیں، کئی بار ان تاجروں اور صنعت کاروں کو پورا ٹیکس دینے کا موقع فراہم کیا گیا۔لاہور کی اکبری منڈی، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ، انارکلی، لبرٹی، مال روڈ، گلبرگ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹائون اور دیگر علاقوں کے تاجروں کی فہرستیں تیار کی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں کا 10 سال کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کے تاجروں کو شامل کیا جائے گا، عدالتوں سے بھی رجوع کر لیا گیا ہے، اسٹے خارج ہو جائیں گے، آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی بڑھانا ہے۔اس حوالے سے ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ نہ کسی سے زیادتی ہو گی نہ زائد ٹیکس لیں گے، تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے ہیں، ٹیکس لیے بغیر اب گزارا نہیں، حکومت سنجیدہ ہے۔