سرینگر (کے پی آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے پورے جنوبی ایشیا کا امن و استحکام دا ئوپر لگ چکاہے، تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران اپنی پروپیگنڈہ مشینری کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقت کو نہیں چھپا سکتی۔انہوں نے کہا کہ بھارت یہ پروپیگنڈہ کر کے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں امن واپس آ رہا ہے جبکہ کشمیر کی حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی حکومت نے5اگست 2019سے بھارتی فوج، پولیس اور این آئی اے کی مدد سے کشمیریوں کو ہراساں کرنے اور علاقے کوایک نوآبادی بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں اور علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کیا ہے۔