راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ بونیر آپریشن میں شہید ہونے والے اہلکار مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لانس حوالدار مدثر محمود راولپنڈی اور حسیب جاوید کی پونچھ آزاد کشمیر میں تدفین کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسروں، جوانوں، لواحقین اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔ مسلح افواج ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گی۔