مظفر آباد ( نامہ نگار ) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی رہنما ظاہر لطیف سلہریا نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ متفقہ آئین کی تشکیل،ایٹمی پروگرام کی بنیاد،قادیانیوں کو قومی اسمبلی سے قانون پاس کروا کے غیر مسلم قرار دینے اور سیاست کو خواص کے چنگل سے نکال کر عوام میں لانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عظیم کارنامہ تھا ۔ انھوں نے کہا کہ قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو کھونے کا درد صدیوں تک محسوس کرتی رہے گی، لیکن جنہوں نے اس عظیم لیڈر کی جان لی، وہ آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔ انہوں نے حقیقی جمہوریت کی بنیاد حق رائے دہی پر قائم پارلیمانی نظام پر رکھی۔انھوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک مدبر، دور اندیش، زیرک اور دل میں عوام کا درد رکھنے والے سیاسی رہنما تھے۔انہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں اور فہم و فراست سے ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالا اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بلند کیا اور جمہوری تشخیص کو اجاگر کیا۔انہوں نے ملک و قوم کے لیے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم قائد عوام کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔