بورےوالا میں پب جی گیم کھیلنے والے نوجوانوں نے اپنے دوست کو بے دردی سے قتل کر دیا، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 18 سالہ مقتول نویں جماعت کا طالب علم تھا۔
بورےوالا تھانہ گگو منڈی کی حدود میں واقع نواحی گاوں 213 ای بی میں افسوس ناک واقع پیش آیا جہاں پب جی گیم کھیلنے والے لڑکوں نے اپنے دوست کو ہی سامنے سے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔ملزمان مقتول کی لاش کو نہر کنارے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ واقع کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قبضہ میں لے کر مزید تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ 18 سالہ مقتول ثاقب حسین نویں جماعت کا طالبعلم تھا اور اپنے دو دوستوں کے ہمراہ مل کر پب جی گیم کھیلتا اور یہ لوگ ٹک ٹاک بھی بناتے تھے۔پولیس نے آئی ٹی ٹیکنالوجی کی مدد سے دونوں ملزمان لقمان اور عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا ہے۔قتل کی لززہ خیر واردات سے کچھ وقت پہلے بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے کی وجہ سے تینوں نوجوان نفسیاتی طور پر متاثر ہو چکے تھے۔ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے سے بچے ذہنی طور پر بہت متاثر ہوتے ہیں وہ اپنے والدین اور رشتہ داروں کو ہی اپنا دشمن سمجھنے لگتے ہیں، ایسے افراد پر ہر وقت خوف اور ڈر کے اثرات رہتے ہیں۔