اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسلام آباد پہنچنے پروزیراعظم اور صدر آصف علی زرداری سےعلیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔سید یوسف رضا گیلانی نے بان کی مون کو سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کی صورتحال سے آگاہ کیا اور فوری بحالی کے لیے امداد مانگی ،اس موقع پروزیرخارجہ اور وزیر خزانہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ پاکستان کو فوری طور پرساٹھ کروڑ ڈالر کی امداد دی جائے اور سیلاب زدگان کی مستقل بحالی کے لیے بھی مدد فراہم کی جائے ۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بانکی مون نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل برؤے کار لائے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بعد میں انہوں نے صدر کے ساتھ ملتان کا دورہ کیا اور سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں کے بارے میں انہیں بریفنگ دی گئی ۔ اس سے قبل انہوں نےاسلام آباد پہنچنے پرچکلالہ ایئربیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریشانی اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئےآیا ہوں ۔ انہوں نے دوسری بار پاکستان آمد کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد دنیا کی توجہ سیلاب زدگان کی جانب مبذول کرانا ہے ۔ اس موقع پرانہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ متاثرین کی بحالی کے لئے امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں ۔ اسلام آباد کے چکلالہ ایئر بیس پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ رحمان ملک اور دیگراعلیٰ حکام نے بان کی مون کااستقبال کیا۔