لاہور (پ ر) یوم آزادی کے موقع پر واپڈا ہائوس میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے پرچم کشائی کی۔ بعدازاں واپڈا سکولز کے طلباء و طالبات نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے ہم آہنگ ہوکر قومی ترانہ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے شرکاء کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے جس جذبہ سے آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد کی، ملک کی تعمیر کے لئے ہمیں اسی جذبہ اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی حیثیت سے ہمیں قائداعظم کے فرمان کام کام اور صرف کام کو اپنی زندگی کا شعار بنانا چاہئے اور اپنے فرائض کو ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دینا چاہئے۔ چیئرمین نے کہا کہ سستی پن بجلی اور زرعی مقاصد کے لئے پانی کے حصول کے لئے واپڈا بھرپور طور پر مصروف عمل ہے۔