جولائی میں پاکستانیوں نے ایک ارب 40 کروڑ سے زائد کی ترسیلات زر بھجوائیں

Aug 15, 2013

کراچی(اے پی اے )سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2013 کے دوران ریکارڈ1ارب 40کروڑ 43 لاکھ 90 ہزار  ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی گئیں۔ جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں بھیجے گئے 1 ارب 20کروڑ 47 لاکھ10ہزار ڈالر کے مقابلے میں 16.57 فیصد یا 19کروڑ 96 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے متاثر کن نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ قبل ازیں کسی ایک ماہ میں ترسیلات کا ریکارڈ اکتوبر2012 کا تھا جب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 1ارب 36 کروڑ51 لاکھ ڈالر وطن بھیجے تھے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ماہ بیشتر ملکوں سے موصول ہونے والی ترسیلات زر میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔جولائی 2013 کے دوران سعودی عرب سے 41کروڑ 7لاکھ 30 ہزار ڈالر، متحدہ عرب امارات25کروڑ 24 لاکھ 10 ہزار ڈالر، امریکا23کروڑ 30لاکھ 60 ہزار ڈالر، برطانیہ 22کروڑ 19لاکھ 30 ہزار ڈالر، جی سی سی ممالک(بشمول بحرین‘ کویت‘ قطر اور سلطنت عمان)  16 کروڑ 14 لاکھ 40 ہزار ڈالر اور یورپی یونین کے ممالک سے 3کروڑ 85لاکھ 90 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر وطن آئیں۔جبکہ جولائی 2012 میں سعودی عرب سے 34 کروڑ 96لاکھ 60 ہزارڈالر، متحدہ عرب امارات 24 کروڑ 5لاکھ 40ہزار ڈالر، امریکا سے 21کروڑ 53 لاکھ ڈالر، برطانیہ 14 کروڑ 84 لاکھ 90 ہزار ڈالر، جی سی سی ممالک 14کروڑ 3لاکھ 60 ہزار ڈالر اور یورپی یونین کے ممالک سے 3 کروڑ 8 لاکھ 30ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔ 

مزیدخبریں