رحیم یار خان (ثنا ءنےوز) سواریوں سے بھرا تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ بے قابو ہو کر نہر عباسیہ میں جا گرا۔ خاتون سمیت تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا، 9سالہ بچی ڈوب گئی نعش کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔گزشتہ روز مجید کالونی کا رہائشی ظفر اپنی والدہ حاجراں بی بی ،9سالہ بہن اقصیٰ اور کزن سراج احمد کے ہمراہ موٹر سائیکل رکشہ پر رشتہ داروں سے ملنے جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل رکشہ بے قابو ہو کر نہر عباسیہ میں جا گرا جسے نہر میں گرتا ہوا دیکھ کر مقامی افراد کی بڑی تعداد رکشے میں سوار افراد کو بچانے کیلئے نہر میں کود گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے مقامی افراد کی مدد سے رکشہ ڈرائیور ظفر اسکی والدہ حاجراں اور کزن سراج احمد کو بچا لیا جبکہ 9سالہ اقصیٰ ڈوب گئی جس کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔