ڈیرہ چاہل کے نزدیک ”ایجوکیشن سٹی“ بنانے کا فیصلہ

ڈیرہ چاہل کے نزدیک ”ایجوکیشن سٹی“ بنانے کا فیصلہ

Aug 15, 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم، کھیل، سیاحت، امور نوجواناںاور آثار قدیمہ پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے صوبے میں تعلیم کے مختلف مراحل کو مربوط بنانے کے لئے ایجوکیشن ایڈوائزری بورڈ تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی سربراہی میں بنائے گئے اس ایڈوائزری بورڈ میں ڈاکٹر اعجاز النبی، ڈاکٹر عائشہ غوث، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن فرحان عزیز خواجہ اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عبدالجبار شاہین کو شامل کیا گیا۔ ایڈوائزری بورڈ کے سربراہ کو مختلف ایشوز کے لئے موزوںترین افراد کو اس ایڈوائزری بورڈ میں شامل کرنے کا اختیار ہو گا۔ رانا مشہود احمد خاں نے یہ اعلان گذشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں کالم نگاروں کے اعزاز میں تقریب کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت پنجا ب نے لاہور کے نواحی علاقے ڈیفنس میں رکھ چاہل ڈیرہ کے نزدیک ایجوکیشن سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا جہاں سات ترقی یافتہ ممالک کی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سینکڑوں ایکڑ پر محیط اس ایجوکیشن سٹی کووزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ”گرین ایریا“ قرار دینے کی ہدایت کی۔ ان ساتوں یونیورسٹیوں کے کیمپسز میں صرف بجلی کی بیٹری سے چلنے والی ہائی برڈگاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہو گی جبکہ عام گاڑیاں اور موٹر سائیکلز یونیورسٹی کیمپس کی حدود سے باہر پارک کرکے وزیٹرز کو اپنے متعلقہ شعبے تک پیدل جانا ہو گا۔

مزیدخبریں