لاہور (لیڈی رپورٹر) عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی رہنماءنوشابہ ضیاءنے کہا کہ افسوس کہ ہم نے قیام پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر دیا۔ آج کا پاکستان علامہ اقبالؒ وقائداعظم ؒکے افکارات سے انحراف کی ایسی تصویر پیش کر رہا ہے جس میں خوشحالی، ترقی اور وقار کا کوئی رنگ دکھائی نہیں دیتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر ”قیام پاکستان کی حقیقی روح اور ہمار اقومی طرز عمل“ کے عنوان سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فرح ناز، عائشہ شبیر، شاکرہ چودھری اور دیگر خواتین رہنماءبھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت انتخابات کی رسم سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ پاکستان کے عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف منظم جدوجہد نہ کی گئی تو حقیقی پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔