لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے قومی ٹیم کا اعلان آج ہوگا۔ دو سال قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل کیے جانے والے سابق کپتان سلمان اکبر کی اہم ٹورنامنٹ کے لئے خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ جبکہ انجرڈ کھلاڑی رضوان سینئر اور گول کیپر عمران بٹ کو ایشیا کپ کے لئے حتمی سکواڈ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کے لئے مضبوط ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان آج پی ایچ ایف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم عتیق اور رضوان جونیئر میں سے ایک کھلاڑی کو قومی سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔ فل بیک ایم عمران کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر تربیتی کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کر رکھا ہے جنہیں آج حتمی 18 رکنی سکواڈ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ پاکستان ٹیم منیجمنٹ نے سابق کپتان و گول کیپر سلمان اکبر کی فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھ کر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔