14 اگست پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچموں کی بہار‘ بھارت کے یوم آزادی پر کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے

سرینگر(کے پی آئی) کشمیری عوام آج بھارتی یوم آزادی  کو یوم سیاہ کے طور  پر منائیں گے اس موقع پر مکمل ہڑتال کی جائے گی، ریلی  اور مظاہرے ہوں گے۔ علی گیلانی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ  وہ یوم سیاہ  بھرپور طریقے سے منا کر بھارتی جبری قبضے کیخلاف  احتجاج ریکارڈ کرائیں اور جدوجہد  آزادی جاری رکھنے کا عہد کریں۔ مقبوضہ وادی  میں بھی پاکستان کا یوم آزادی  جوش و جذبے   کیساتھ منایا گیا اس موقع پر  پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور پاکستان کی ترقی  اور خوشحالی کیلئے خصوصی  دعائیں مانگی گئیں۔دریں اثنامقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ہراساں کیے جانے کے خلاف سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں لوگوں نے زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ کولگام میں طلبا نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔  ادھرجنوبی کشمیر کے پانپور قصبے میں مجاہدین کے حملے میں دو پولیس اہلکار اور ایک مکینک  مارے گئے۔ گالندر پانپور میں 11 بٹالین آئی آر پی کے اہلکار گاڑیوں کی تلاشی لے رہے تھے جب تلاشی کارروائی ختم ہوئی اور اہلکار واپس جانے لگے۔ مجاہدین نے گھات لگاکر ان پر حملہ کیا۔ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ اس واقعہ میں منظور احمد قصاب ولد علی محمدساکن اونتی پورہ گاڑیوں کا مکینک مارا گیا۔ پولیس کے دو اہلکار ہیڈکانسٹیبل محمد یعقوب اور معراج الدین شدید طور پر زخمی ہوئے۔جنہیں فوری طور پر صدر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت گیارہویں بٹالین آئی آر پی کے ڈی ایس پی کی قیادت میں پولیس پارٹی واپس جارہی تھی، تاہم وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے۔ علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن