پونچھ سیکٹر میں پاک فوج کی فائرنگ سے ہمارا اہلکار زخمی ہو گیا، بھارتی فوجی ترجمان کا دعویٰ

Aug 15, 2014

راجوری (کے پی آئی/ آن لائن) پونچھ سیکٹر میں پاکستان اور بھارت کی فوجوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ تازہ فائرنگ کے واقعہ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق راجوری اور پونچھ کے درمیان واقع بھمبر گلی سیکٹر میں پاکستانی فوج کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔ فائرنگ کا یہ تبادلہ لگ بھگ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ اس کی شناخت چھ راجپوت رائفل سے وابستہ نائیک نیت رام کے طور پر ہوئی ہے۔ بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل منیش مہتہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فوج کی فائرنگ کی وجہ سے ایک اہلکار زخمی ہوا۔ دوسری جانب بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے چھ روز میں پانچویں بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجی چوکیوں پر فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پونچھ سیکٹر

مزیدخبریں