سانگلہ: ہل پارک کی جھیل میں افتتاح سے قبل ہی 2 بچے ڈوب گئے

Aug 15, 2015

سانگلاہل(نمائندہ نوائے وقت)مقامی قائد اعظم ہل پارک میں تعمیر ہونے والی جھیل میں افتتاح سے پہلے ہی2کم سن بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کی نعشیں نکال لیں، واقعہ سے شہر بھر کی فضا سوگوار ہو گئی، سوگ میں ٹی ایم اے میں ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب اور استحکام پاکستان ریلی منسوخ کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ قائد اعظم ہل پارک میں چند دن پہلے جھیل کی تعمیر مکمل کی گئی، ابھی اس پر حفاظتی جنگلے وغیرہ نہیں لگائے گئے تھے کہ ٹھیکیدار نے جھیل میں پانی اور 3کشتیاں چھوڑ دیں۔ گزشتہ روز وارڈ نمبر3 پرانا چہور کے محمد ظفر کا 4 سالہ بیٹا محمد ریحان اور ان کے ہمسائے محمد شبیر کا3سالہ بیٹا محمد حبیب قائد اعظم ہل پارک میں چلے گئے، بچے نہر رکھ برانچ سے جھیل تک جانے والے کھال میں نہانے لگے، اسی دوران دونوں بچے پانی میں بہہ گئے اور جھیل میں ڈوب گئے، پارک میں ڈوبتے بچوں کو دیکھ کر شور کیا، پارک میں موجود لوگ جمع ہوگئے۔ اور اپنی مدد آپ کے تحت نعشیں نکال لیں۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد اور چوہدری طارق محمود باجوہ ایم پی اے ڈوبنے والے بچوں کے گھر پہنچ گئے اور سوگوار گھرانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ تعزیت کے دوران بچوں کے ورثاء نے کانسٹیبل محمد عامر کے ناروا سلوک کیخلاف شکایت کی جس پر طارق محمود باجوہ ایم پی اے نے کانسٹیبل کو فوری معطل کرنے کی ہدایت کی جس پر ڈی ایس پی نے کانسٹیبل کو معطل کردیا۔

مزیدخبریں