نوابشاہ+ فیصل آباد+ وزیرآباد+ فیروزوالا (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) آمری پل نوابشاہ کے قریب دریائے سندھ میں 5افراد ڈوب گئے۔ پولیس کے مطابق 3افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہے، 2کی تلاش جاری ہے۔ فیروزوالا میں جی ٹی روڈ کی آبادی نورپور شہر میں 9سالہ بچہ ڈوب گیا جبکہ فیصل آباد، وزیر آباد میں بارش کے باعث چھتیں گرنے سے کمسن بہن بھائی اور ساتویں جماعت کی طالبہ جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ چک جھمرہ کے علاقے چک نمبر 164ر۔ب میں بارش کے دوران خستہ حال مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ سات سالہ قمر اور اس کی ہمشیرہ 9 سالہ زنیرہ زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ وزیرآباد میںبارش کے باعث باورچی خانہ کی چھت گرنے سے ملبے تلے آکر طالبہ جاں بحق، تین معصوم بچے زخمی ہوگئے۔ ونجووالی کے اظہرکے بچے یوم آزادی کی تقریبات منانے کے لئے اپنے بوسیدہ مکان کی چھت پر پاکستانی پرچم کی جھنڈیاںلگارہے تھے اسی دوران بارش کے نتیجہ میںکمزورباورچی خانہ کی چھت گرگئی۔ باورچی خانہ میںکھانا پکاتے ہوئے 12سالہ ساتویںجماعت کی طا لبہ ام حبیبہ ملبے کے نیچے آکرجاں بحق ہوگئی۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد میں چھت گرنے سے 2 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں محنت کش کا 9سالہ بیٹا الصبور شاہ نہر کے قریب سے گزر رہا تھا کہ اچانک اسکا پائوں پھسل جانے کے باعث نہر میں گرکر ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے جدوجہد کرکے متوفی کی نعش پانی سے باہر نکالی۔علاوہ ازیں لاہور میں گزشتہ روز شدید بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہوگیا۔
نوابشاہ: دریائے سندھ میں5 افراد ڈوب گئے: فیصل آباد، وزیر آباد میں چھتیں گرنے سے3 جاں بحق
Aug 15, 2015