فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق میئر و سابق رکن قومی اسمبلی چودھری شیر علی نے کہا ہے کہ 20 افراد کے قتل پر پنجاب حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے پکڑے جانے والے ٹارگٹ کلرز‘ پولیس اور ہر زبان پر ہے کہ ’’رانا ثناء اللہ‘‘ قاتل ہیں، رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد کے 20 جوان بے دردی سے مروا دئیے، اگلی لسٹ میں چودھری عابد شیر علی‘ ملک نواز‘ میاں محمد طاہر جمیل اور میاں عرفان منان کے نام تھے، پکڑے جانے والے ٹارگٹ کلرز نے انکشافات کئے کہ رانا ثناء اللہ نے مارنے کا حکم دیا۔ رانا ثناء اللہ بیس نوجوانوں کے قاتل ہیں۔ شریف برادران ایکشن لیں ورنہ ایک بندے کے جرائم کی سزا قوم بھگتے گی۔ میڈیا 20 افراد کے قاتل کو بے نقاب کرنے میں کردار ادا کرے، عوام کی طاقت سے رانا ثناء اللہ کا محاسبہ کرینگے۔ خواجہ محمد اسلام کی وجہ سے مسلم لیگ کارپوریشن کے ہالوں سے نکل کر سڑکوں پرآگئی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کرتا ہوں کراچی‘ خیبر پی کے‘ بلوچستان‘ وزیرستان کی طرح فیصل آباد میں بھی فوری آپریشن کرکے 20 افراد کے قاتل کو ڈھونڈتے تاکہ مزید بے گناہ افراد موت کی وادی میں نہ اتر جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی خواجہ محمد اسلام کی زیرصدارت ہونے والے جلسہ عام اور پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی جلسہ عام نے ثابت کر دیا فیصل آباد مسلم لیگ (ن) اور خواجہ محمد اسلام کے دیوانوں اورمتوالوں کا شہر ہے۔ محمد اسلام نے کہا کہ ہزاروں کارکن مسلم لیگ (ن) کی پیٹھ پرچھرا گھونپنے والوں کیخلاف سڑکوں پر کفن باندھ کر نکل آئے ہیں۔ مجھے ٹکٹ دلوانے کا دعویدار بھول گیا کہ کون انگلی پکڑ کر لاہور لے کر گیا۔ ہزاروں ورکرز نے جلسے میں شرکت کرکے واضح پیغام دیا کہ سیاست حق سچ اور شرافت کی ہوگی۔ ممبر قومی اسمبلی رانا محمد افضل نے کہا انشاء اللہ 2018 کا پاکستان بہتر پاکستا ن ہوگا۔ ایم پی اے میاں محمد طاہر جمیل نے کہا چوہدری شیرعلی اور خواجہ محمد اسلام 1997 ء کی طرح مسلم لیگ (ن) کو موثر اور فعال بنائیںگے۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری رضا نصراللہ گھمن نے کہا رانا ثناء اللہ منفی سیاست کرتے ہیں۔ ایم پی اے رائو کاشف رحیم نے کہا سنگل پائی ثابت ہو جائے سیاست چھوڑ دوں گا۔ تقریب سے سابق میئر ملک محمد اشرف‘ شیخ محمد اسلم سابق ایم این اے محمد اعجاز ورک‘ چوہدری عمران شیرعلی‘ سابق ایم این اے میاں امجد یٰسین‘ حمداسلام خواجہ‘ سابق ایم پی ایز سید ذیشان الٰہی شاہ‘ رضیہ جوزف‘ عامر جوئیل سہوترا‘ مسز انجم صفدر‘ کمال چغتائی ایڈووکیٹ‘ ڈاکٹر غزالہ رانا ‘ چوہدری شفیق گجر‘ سابق ناظم خواجہ محمد رضوان‘ ملک محمد اصغر‘ حفیظ باوا‘ رانا وارث حسین و دیگر شرکاء نے خطاب کیا۔
رانا ثناء 20 نوجوانوں کے قاتل ہیں، شریف برادران ایکشن لیں: شیر علی
Aug 15, 2015