گوجرانوالہ‘ گجرات‘ پشاور‘ ژوب میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام‘ آٹھ دہشت گرد گرفتار

Aug 15, 2015

گوجرانوالہ+ گجرات+ پشاور+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ آن لائن) گوجرانوالہ ‘گجرات، پشاور اور ژوب میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات میں حساس اداروں نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ٹرک سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ناکہ لگاکر مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے بھاری اسلحہ برآمد ہو گیا جن میں 50 پسٹل، 5کلاشنکوفوں سمیت بھاری مواد شامل تھا جبکہ ٹرک میں سوار دو دہشت گرد بھی پکڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دئیے گئے۔ ادھر پشاور میں بھی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور پنجہ غلام پشاور سے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے 2 خودکش اور 30 ہینڈ گرینڈ، دو پستول برآمد ہوئے ہیں، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے ژوب میں حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو رفتار کرکے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کر لیا۔ ژوب کے علاقے گوال اسماعیل زئی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع ملنے پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 5 خودکش جیکٹ 25 دستی بم 8 بارودی سرنگیں، 14راکٹ لانچر، 50کلو گرام دھماکہ خیز مواد 13مارٹر گولے اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا، دہشت گرد یہ اسلحہ کوئٹہ منتقل کرنا چاہتے تھے اور یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری میں استعمال کرنا چاہتے تھے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے 2دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، دہشت گردوں سے خودکش جیکٹیں اور بڑی مقدار میں اسحلہ برآمد ہوا ہے۔
دہشت گرد گرفتار

مزیدخبریں