لاہور ائرپورٹ پر نئے آئی ایل ایس کیٹگری بی تھری سسٹم کی تنصیب آج سے شروع‘ مرکزی رن وے گیارہ دسمبر تک بارہ گھنٹے روزانہ بند رہے گا

لاہور (خبر نگار ) لاہور ائیرپورٹ پر نئے آئی ایل ایس کیٹگری بی 3 سسٹم کی تنصیب 15 اگست سے شروع کر دی جائے گی جس کی وجہ سے مرکزی رن وے 11 دسمبر تک روزانہ 12 گھنٹے تک بند رہے گا ۔ ائیرپورٹ منیجر علامہ اقبال ائیرپورٹ راشد حسین نے میڈیا کو گذشتہ روز بتایا کہ آئی ایل ایس کیٹگری بی 3 سسٹم کی تنصیب کا کام گذشتہ ماہ شروع ہوا تھا اور اس کے تکنیکی سامان کی آمد شروع ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہسسٹم کی تنصیب 5 فیز میں ہو گی جس میں سے فیز 1 اور 2 15 اگست سے شروع ہو گا جو 11 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں مرکزی رن وے کی کھدائی اور اس پر لائٹوں کی تنصیب کا کام کیا جائے گا ۔ تعمیراتی کام کے لئے رن وے صبح 8 سے دوپہر 2 بجے اور شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہے گا اور اس دوران کوئی فلائٹ بھی مرکزی رن وے پر نہیں اتر سکے گی بلکہ پرانے چھوٹے رن وے پر اترے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنوں سے مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں اور صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے اور شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک کوئی بڑا طیارہ چھوٹے رن وے پر لینڈ نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو اور براستہ مانچسٹر ، نیویارک جانے والی پروازوں کا شیڈول تبدیل کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی رن وے بند ہونے کے باوجود 17 اگست سے شروع ہونے والا حج آپریشن متاثر نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سسٹم کی تنصیب سے دھند میں بھی جہازوں کی لینڈنگ متاثر نہیں ہو گی اور پہلے 3 سو میٹر تک ویزیبلیٹی ہونے پر جہاز کو لاہور ائیرپورٹ پر اتارا جاتا تھا اب صرف 50 میٹرکی ویزیبلیٹی ہونے پر بھی جہاز لاہور ائیرپورٹ پر اتر سکے گا ۔

ای پیپر دی نیشن