چوہدری نثار سے لفظوں کی جنگ ہارنے کے بعد راجناتھ کا کانفرنس چھوڑنا پاکستان کی سفارتی فتح ہے: مانی شنکر

Aug 15, 2016

نئی دہلی (آئی این پی) کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مانی شنکر آئر نے کہا ہے کہ پاکستانی ہم منصب چوہدری نثارکے ساتھ لفظوں کی جنگ ہارنے کے بعد راجناتھ سنگھ کا کانفرنس چھوڑ کر واپس چلے آنا پاکستان کی سفارتی فتح ہے ۔بھارتی ٹی وی’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کی ویب سائٹ پر لکھے گئے بلاگ میں سابق وزیر مانی شنکر آئر نے کہاکہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ اسلام آباد سے پاکستان کو سفارتی فتح حاصل ہوئی ہے ،پاکستانی ہم منصب کے ساتھ لفظوں کی جنگ ہارنے کے بعد راجناتھ سنگھ کانفرنس چھوڑ کر واپس چلے آئے ۔ہمیں اس وقت تک دلائل دینے چاہئیں تھے جب تک یہ واضح نہ ہوتا کہ الفاظ کی جنگ کون جیتا اور کون ہارا لیکن ہم نے وقت سے پہلے ہی پسپا ئی اختیار کرلی۔ مانی شنکر آئر نے لکھا کہ راجناتھ سنگھ کی سارک کانفرنس میں شرکت علاقائی تصادم کی وجہ بن گئی ،انکے کوئی تعمیر مقاصد نہیں تھے وہ صرف اپنے آ پ کو پاکستان میں سادہ لوح اوربھارتی درویش صفت ظاہر کرناچاہتے تھے اور وہ پاکستانیوں کو انکی سرزمین پر گستاخ ثابت کرنا چاہتے تھے ۔راجناتھ سنگھ یہ سب کرکے اپنے ملک میں دوسروں کی نظر میں خود کو اچھا ظاہر کرنا چاہا جس میں وہ ناکام رہے انکے اس اقدام سے کوئی متاثر نہیں ہوا۔

مزیدخبریں