لاہور(نمائندہ سپورٹس+خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے یونس خان کی شاندار بلے بازی کے بعد یاسر شاہ کی بہترین باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دے کر پاکستانی قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دے دیا۔یونس خان کے 218 رنز کی شاندار کارکردگی اور یاسر شاہ کی 5 وکٹوں کے بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 253 رنز پر آؤٹ کردیا تھا۔ پاکستان کو میچ جیتنے اور سیریز برابر کرنے کے لے صرف 40 رنز درکار تھے، جو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلئے اور سیریز دو دو سے برابر کردی۔اظہر علی نے تیس جبکہ سمیع اسلم نے بارہ رنز ناٹ آئوٹ بنائے ۔اوول میں جاری سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 88 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو انگلینڈ کو 128 رنز پر گیری بیلنس کی صورت میں پانچواں نقصان اٹھانا پڑا۔جونی بیئرسٹو اور معین علی نے چھٹی وکٹ کے لئے 65 رنز کا اضافہ کیا۔ تاہم 193 رنز کے سکور پر معین علی 32 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔معین علی کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور 253 رنز کے مجموعہ پر تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔انگلینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں جونی بیئرسٹو نے سب سے زیادہ 81 رنز بنائے۔ یاسر شاہ نے 71 رنز دے کر پانچ اور ویاب ریاض نے 48 رنز دے کر 2 جبکہ سہیل خان اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 542 رنز بنائے۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے تھے۔یونس خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔پاکستان کے مصباح الحق اور انگلینڈ کے کرس ووکس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔پاکستان کی طرف سے افتخار احمد نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ پاکستان کے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف سمیت قومی رہنماوں نے کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی قوم کے لیے خصوصی تحفہ ہے۔ جیت نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دو بالا کر دیا ،کھلاڑی ،کوچز اور مینجمنٹ بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کرکٹ ٹیم نے آزادی کے موقع پر قوم کو بہترین تحفہ دیا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق‘ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے بھی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا یوم آزادی پر قوم کو تحفہ، انگلینڈ کے خلاف چوتھا ٹیسٹ جیت لیا،سیزیز2-2 سے برابر
Aug 15, 2016