لاہور (آن لائن) لاہور ایک بار پھر سب پر بازی لے گیا، فورٹریس سٹیڈیم میں ملک کا سب سے بڑا 192 فٹ بلند پرچم لہرا دیا گیا، کور ہیڈ کوارٹر فور کور نے زندہ دلان کو نشان عظمت کا تحفہ دیا۔ یوم آزادی کے موقع پر کور ہیڈ کوارٹر فور کور کی جانب سے لاہوریوں کو پاکستان کا بلند ترین سبز ہلالی پرچم کا تحفہ دیا گیا ہے۔ فورٹریس سٹیڈیم کے سامنے گراؤنڈ میں لگایا گیا پرچم سطح زمین سے 192 بلند ہے۔ پرچم کی لمبائی 50 فٹ جبکہ چوڑائی 30 فٹ ہے۔ پاکستان کے سب سے بلند پرچم کو نشان پاکستان کا نام دیا گیا ہے۔ 192 فٹ اونچے پرچم کو دو ماہ کے مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نشان پاکستان دیکھنے کیلئے فورٹریس سٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے۔ واضح رہے اس سے قبل کراچی میں 180 فٹ اونچا جبکہ لاہور میں شاہی قلعہ میں 150 فٹ اونچا پرچم نصب کیا گیا تھا۔