کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملی مسلم لیگ کراچی کے ’’آزادی کارواں‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے، کرپٹ عناصر اس کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 62-63 کے خاتمے کے لیے کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ستر سال سے ذاتی مفادات کے لیے ملک و قوم کو قربان کیا جا رہا ہے۔ سیاسی میدان میں ملی مسلم لیگ کا اضافہ خوش آئند ہے، ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کردار ادا کریں گے۔ نظام تعلیم اور مروجہ سیاسی نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرکے کرپشن کا راستہ روکیں گے۔ ان خیالات کا اظہارسفاری پارک سے مزار قائد پیپلز چورنگی تک نکالے گئے آزادی کارواں کے شرکاء سے ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، متحدہ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل قاضی احمد نورانی، جے یو پی کے رہنما مستقیم نورانی، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان، ملی مسلم لیگ کراچی کے رہنما شیخ عبداللطیف، شاہد محمود، مجیب الرحمن زامرانی، جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عبد العزیز عرب، حافظ محمد امجد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیاسی‘ مذہبی رہنماء
آرٹیکل62-63 کے خاتمے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے
Aug 15, 2017