راولاکوٹ (صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سیاحتی راہداری کا سروے مکمل ہو چکا ہے جلد کام شروع جائیگا، راولاکوٹ میں مہم جو سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ سیاحت نے جو سرگرمی راولاکوٹ میں منعقد کی ہے ایسا ایونٹ ہر سال منعقد کیا جانا چاہئے ، سیاحت آزادکشمیر میں ایک صنعت کا درجہ حاصل کر سکتی ہے اس کیلئے حکومت اور نجی سیکٹر کو مل کر اقدامات کرنے ہونگے، سیاحت کو تینوں ڈویژنز میں فروغ دیا جانا اشد ضروری ہے، آزادکشمیرمیں جلد معاشی انقلاب آنے والا ہے، آزادکشمیر کے معاشی استحکام سے جہاں اس خطے کی تعمیر وترقی ہو گی وہاں پاکستان کی معیشت کو بھی سہارا دیا جائیگا، نیلم، جہلم اور پونچھ سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو سہولیات ملنی چاہئیں، سیاحت کے فروغ میں نجی سیکٹر کا کلیدی کردار ہے، آزادکشمیر میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، توانائی شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں دو گنا اضافہ یہاں کی سڑکوں کی تعمیر سمیت صحت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں فروغ کا موجب بنے گا، حکومت پاکستان آزادکشمیر کی ترقی کیلئے دلچسپی لے رہی ہے، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات بھی اس سلسلے میں جامع حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں، آزادکشمیر کو جلد معاشی اور اقتصادی لحاظ سے خود کفیل بنا دیا جائیگا۔ وہ یہاں پونچھ ٹورازم گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے آخر میں صدر آزادکشمیرنے گرلز مڈل سکول دریڑھ دھمنی کی تیسری جماعت کی بچی کی طرف سے خوبصورت تقریر کرنے پر اسے داد دی اور مڈل سکول دریڑھ دھمنی کی عمارت کی تعمیر کیلئے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔