وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر پاکستانی کو کردار ادا کرنا ہو گا: ڈاکٹر قدیر

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان عطیہ خداوندی ہے‘ مضبوط اور خوشحال پاکستان ہر شہری کا خواب ہے اس کی تعبیر کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ قیام پاکستان کیلئے ہمارے اسلاف نے انتھک جدوجہد اور کوششیں کی ہیں۔ ہم اسلاف کی کاوشوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ پاکستان لاکھوں شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے اور یہی وہ خطہ ہے جہاں سے میر عرب کو ٹھنڈی ہوا آتی تھی۔ یہ وطن ہمارا ایمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ مرکز مصطفی لوہیانوالہ میں منعقدہ اس تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خاں نے کہا کہ ملک کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں ہے۔ وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پرامن پاکستان کا خواب بہت جلد شرمندہ تعبیر ہونیوالا ہے ۔ عالم اسلام کی قیادت عنقریب پاکستان کے ہاتھوں میں ہو گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس(ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ پاکستان ناموس رسالت پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کا صدقہ ہے ۔ ستر سال سے مفاد پرست ٹولہ اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی ۔ بریگیڈیئر(ر) اخترنواز جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن کیلئے پاک فوج کا کردار بے مثال ہے ۔ وطن عزیز کے سجیلے جوانوں نے اپنے لہو سے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے ۔ جانشین فقیہ اعظم مفتی محب اﷲ نوری بصیرپوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اولیاء کا فیضان ہے ۔ تحریک پاکستان میں علماء و مشائخ اہلسنت نے برصغیر پاک و ہند کے طول و عرض میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ علی پور سیداں شریف کے سجادہ نشین مفتی پیر سید کرامت حسین شاہ نے کہا کہ قیام پاکستان میں پیر سید جماعت علی شاہ و دیگر اکابرین نے کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک ہر صورت کامیابی سے ہمکنار ہو گی ۔ ادارۃ المصطفی انٹرنیشنل کے امیر اعلی پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ۔ کانفرنس سے ڈاکٹر عبداﷲ مصطفائی ‘بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار نصراﷲ گل ‘مولانا امتیاز مصطفائی ‘سید زبیب مسعود شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن