اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ اے پی پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے 1990ء میں موٹر وے اور انفراسٹرکچر کے جال کا جو خواب دیکھا تھا‘ اس کی وجہ سے پاک چین اقتصادی راہداری جیسے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔ یہ وہ تمام وعدوں کی تکمیل ہے جو 2013ء میں مسلم لیگ(ن) نے پاکستان کی عوام سے کئے تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، میاں محمد نوازشریف کے وعدوں کو لے کر آگے چلیں گے اور وہی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا اور پاکستان (ن) لیگ کی قیادت میں ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا‘ قائد اعظم کا مقصد تھا کہ پاکستان ایک پُرعزم جمہوری قوت بن کر ابھرے اس کیلئے ضروری ہے پاکستان کے اندر آئین اور قانون کی حکمرانی ہو اور عوام کی حکمرانی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری ٹی وی میں سترویں یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک کی سترویں سالگرہ پر پوری قوم کو مبارکباد دوں گی۔ جو خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور جس مقصد کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ ملک بنایا تھا وہ قوم جو آزادی کیلئے اس سرحد پر آئی تھی اور آج 14 اگست کے دن آزادی حاصل کی تھی۔ آج ہم ایک ایسا پاکستان دیکھ رہے ہیں جو روشن پاکستان ہے جو کہ اقتصادی طور پر ترقی یافتہ پاکستان ہے گزشتہ چار سال میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا۔ ایک محفوظ پاکستان ہے جہاں ہر شہری محفوظ طور پر اپنی زندگی گزار سکتا ہے اور وہ پاکستان ہے جس میں سی پیک جیسے منصوبے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں آ رہے ہیں۔ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا قائد اعظم کا مقصد تھا پاکستان ایک پُرعزم جمہوری قوت بن کر ابھرے اس کیلئے ضروری ہے پاکستان کے اندر آئین و قانون کی حکمرانی ہو اور عوام کی حکمرانی ہو۔ان کا کہنا تھا ہم سب آج وعدہ کریں ہم پاکستان کے آئین کو پڑھنا شروع کریں۔ اے پی پی کے مطابق وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے 2013ء کا اندھیروں میں گھرا ہوا پاکستان آج روشن ہے اور اقتصادی طورپر مستحکم ہو رہا ہے۔ ہم سب پاکستان ہیں‘ ہمیں اس پر فخر ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا مقصد تھا پاکستان ایک پُرامن اور جمہوری ملک بن کر ابھرے۔ قائداعظم کے ویژن کی تکمیل کیلئے ہمیں مل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔ ہم نے عہد کرنا ہے ہر پاکستانی آئین پڑھے گا۔
ہم سب پاکستان، 2013ء کا اندھیروں میں گھرا ملک آج روشن ہے: مریم اورنگزیب
Aug 15, 2017