وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو ملکرکام کرنا ہے , پاکستان ہم سب کا وطن ہے اوراسے ملکر خوب سے خوب تر بنانا اورسنوارنا ہے , یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتفاق کا ہے، اتحاد کی قوت سے پاکستان آگے بڑھے گا۔ ’’میں ‘‘کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ہے ,ملک و قوم کی خاطر ’’ہم ‘‘کے راستے پر چلنا ہوگا, قومی منصوبوں پر سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں, پاکستان کے منصوبے ہم سب کے سانجھے منصوبے ہیں اورہمیں ملکر ان منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے تاکہ عوام ان منصوبوں سے پوری طرح فائدہ اٹھاسکیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہاں اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ رواداری، شائستگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے,برداشت،تحمل اوربردباری کے جذبات کو فروغ دیکرہی پاکستان کو امن کا گہوارا اورترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنارکیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے،شفافیت اورکفایت شعاری کی پالیسی کے تحت بچائے گئے اضافی وسائل بھی عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر خرچ کیے جارہے ہیں ,عوام کو ریلیف کی فراہمی اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کا کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے, اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں ایک پائی کی بھی کرپشن سامنے نہیں آئی اور مخالفین بھی ہم پر انگلی نہیں اٹھاسکتے ۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور ہماری حکومت نے 4 برس کے دوران انتہائی شفافیت کیساتھ منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے اور منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے,صوبے بھر میں بڑے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے اورتیزرفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اورملک ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنا ہے اور اسے ہم سب کو مل کر آگے لیکر جانا ہے, ترقی اورخوشحالی کے جاری سفر کو پورا کریں گے۔