لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے بیرونی سازشیں ناکام بنانے کیلئے قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ نظریہ پاکستان کی بنیاد پرملک گیر سطح پر بھرپور مہم چلائیں گے اور شہر شہر اس تحریک کو منظم کر کے قوم کو متحدوبیدار کریں گے۔سی پیک او رپاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ان شائ اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی کوششوں پر مسلمان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتے۔مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے۔ لسانیت اور صوبائیت پرستی کے جھگڑے ختم کرنے ہوں گے۔ ملی مسلم لیگ خدمت انسانیت کا مشن لیکر سیاست میں آئی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان مکمل نہیں۔پاکستانی پرچم لہرانے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی سے پہلے جو سازشیں کی گئیں آج وہ بلوچستان میں کی جارہی ہیں۔ شہ رگ کشمیر جلد پاکستان کا حصہ بنے گی۔ وہ پتوکی سٹیڈیم میں ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب اور بعدا زاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا غاصب بھارتی فوج کشمیر میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ بین الاقوامی دنیابھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان بھر میں 350سے زائد جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 110جماعتوںنے الیکشن میں حصہ لیا لیکن ملی مسلم لیگ جیسی جماعت کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا اور اس کا راستہ روکنے کیلئے حکم نامے جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہا ہم خدمت انسانیت اور نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں۔ ہمیں ملک میں قیام پاکستان والے جذبے دوبارہ پیدا کرنا ہیں۔ لاہور میں ملی مسلم لیگ کے زیراہتمام استحکام پاکستان کارواں کے اختتام پر منعقدہ جلسہ عام سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی سالمیت و تحفظ کیلئے اندرونی و بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ حالیہ انتخابات میں قائداعظم کا نظریہ جیت گیا‘ گا ندھی کا نظریہ ہار گیا۔ کراچی سے پشاور تک پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کی سیاست میں مثبت کردار ادا کرنے کے لئے ملی مسلم لیگ میدان میں آ چکی ہے۔مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یوم آزادی پر اہل کشمیر کو یقین دلاتے ہیں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد،محمد یعقوب شیخ،حافظ طلحہ سعید،انجینئر نوید قمر،ابوالہاشم ربانی،ادریس فاروقی،علی عمران شاہین،حافظ عثمان شفیق،طلعت سعید نے اسمبلی ہال چوک مال روڈ پر استحکام پاکستان کارواں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ناصر باغ سے فیصل چوک تک کارواں میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے اپنے خطاب میں کہا آزادی کا ملنا نعمت اور اس کو قائم رکھنا بھی اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ پاکستان کونقصان پہنچانے والے ناکام ہوئے۔ اللہ نے دشمنوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔عظیم،جذبوں والا پاکستان ان شاء اللہ قائم و دائم رہے گا۔ پاکستان کی سالمیت،تحفظ،دفاع کے لئے آج ہم نے عہد کرنا ہے کہ اندرونی و بیرونی سطح پر ہر سازش کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے۔ نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ نے کہا پاکستان علاقائیت اورلسانیت کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا ملک نہیںبلکہ وہ عظیم اسلامی ملک ہے جس کا مقصداور نظریہ لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ ہے۔ ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید نے کہا دشمنوں کی سازشیں اتحاد کی وجہ سے دم توڑ گئی تھیں آج بھی وہی منظر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ملی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما نوید قمر نے کہا پاکستان کے بنانے میں جوانوں کا ایک بڑا کردار رہا، عہد کریں وطن کے دفاع کی خاطر ہم کسی قسم کی قربانی پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ جماعۃالدعوۃ لاہور کے مسئول بوالہاشم ربانی، مولانا ادریس فاروقی،حافظ عثمان شفیق،علی عمران شاہین ،طلعت سعیدنے کہا ہم پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ریاست بنائیں گے۔ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پرلاہور،گوجرانوالہ، فیصل آباد،اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان،کراچی، حیدر آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت چاروں صوبوں وآزاد کشمیر کے مختلف شہروں و علاقوں میں استحکام پاکستان کارواں، ریلیوں،جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیاجن میں ملی مسلم لیگ اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی قائدین نے خطابات کئے جبکہ تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ استحکام پاکستان ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں میں شریک افراد میں زبردست جوش وجذبہ دیکھنے میں آیا۔
نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ملک گیر مہم چلائیں گے: حافظ سعید
Aug 15, 2018