لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام داتا دربار سے پنجاب اسمبلی ہال تک پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جس کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی نے کی۔ اس موقع پر علامہ فاروق الحسن قادری، علامہ نعیم عارف نوری، علامہ حامد فیضی اور صاحبزادہ عثمان جلالی سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر نے کہا نظریہ پاکستان نظریہ ایمان ہے۔ اکھنڈ بھارت کی سوچ رکھنے والے پاکستان کو کرائے کا مکان سمجھتے ہیں۔ کانگریسی ملاں نے جشن آزادی کا انکار کر کے اپنی اصلیت ظاہر کر دی۔ سیکولر قوتیں پاکستان کے مذہبی تشخص کو چھیڑنے سے باز رہیں۔ تحریک لبیک پاکستان سیاسی بہروپیوں سے پنجہ آزمائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں بلکہ مدینہ منورہ کا ایک محلہ ہے پاکستان کا استحکام صرف اور صرف نظام مصطفیﷺ کی حکمرانی اور ناموس مصطفیﷺ کی پاسبانی ہے۔ اس موقع پر شہدا آزادی اور قائدین آزادی کی ارواح کو ایصال ثواب کرنے کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور علامہ خادم حسین رضوی نے دیگر علما و مشائخ اور طلبا کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام یوم آزادی کے موقع پر ملک کے چاروں صوبوں کے تمام بڑے شہروں میںتحفظ نظریہ پاکستان ریلیاں نکالی گئیں جلسے کانفرنسز ، سیمینارز اور بڑے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہمارے ساتھ دھاندلی کر کے پارلیمنٹ کا راستہ روکنے والو تمہیں ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور اپنے سفیر کو ہالینڈ سے فوراً واپس بلا کر اور دھاندلی کا قوم کو جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا جس دین کے نام پر پاکستان بنا اسی دین کے پیغمبر حضرت محمدؐکی عزت وناموس پر ہالینڈ میں حملہ ہو رہا ہے۔ اگر حکومت پاکستان نے ہمارا مذکورہ مطالبہ نہ مانا تو ہم ایسی کال دیں گے پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں کسی نے نہیں دی ہو گی۔ انہو ں نے کہا حضورؐ کی عزت پر پہرہ دیتے ہوئے تمام امیدواران شہید بھی ہو جائیں ہمیں پرواہ نہیں لیکن حضورؐ کی عزت سب سے بلند ہے جس کے لئے ہر قربانی دی جا سکتی ہے۔ انہوںنے ہدایت جاری کی تمام وہ عاشقان جو حضورؐ کے ساتھ سچا عشق رکھتے ہیں وہ اپنی وصیتیں بروقت لکھیں۔
ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر نہ کیا تو تحریک کی کال دیں گے: خادم رضوی
Aug 15, 2018