پاکستان لازوال قربانیوں سے حاصل کیا‘ عہد کریں سچے خدمت گار بنیں گے: رفیق تارڑ

Aug 15, 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی قیادت میں تاریخ ساز جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے نتیجہ میں پاکستان حاصل کیا۔ پاکستان کو دل وجان سے عزیز جانیں اور اس کی حفاظت اور اس کی خاطر جان ومال کی ہرطرح کی قربانی دینے کیلئے تیار رہیں۔ آج ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ تمام باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کے سچے خدمتگار بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں وطن عزیز پاکستان کی آزادی کے 71سال مکمل ہونے پر72ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں صدارتی خطاب کے دوران کیا۔تقریب کے مہمانان خاص تحریک پاکستان کے کارکنان تھے۔ اس تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ قاری محمد رفیق نقشبندی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ‘ اختر حسین قریشی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ الحاج حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے کلام اقبالؒ پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دئیے۔ محمد رفیق تارڑ نے اپنے خطاب کے آغاز میں حاضرین کو پاکستان کے یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی اس پروقار تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ہماری قوم وطن عزیز سے بے انتہا محبت کرتی ہے۔ قائداعظمؒ کی قیادت میں مسلمانان برصغیر نے یکجان ہو کر محنت کی جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ وطن عطا کیا۔ اللہ تعالیٰ اس ملک کو ہر نعمت سے نواز رکھا ہے۔ اس ملک کے اناج، سبزیاں، پھل، انواع و اقسام کی نعمتیں شاید ہی دنیا کے کسی اور ملک کو نصیب ہوں۔ ہمیں اس ملک کی قدر کرنی چاہئے اور اپنی ذات سے بڑھ کر اس کو ترجیح دینی چاہئے۔ اس ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ایک اپنا کردار ادا کرے کیونکہ اس ملک نے ہمیں عزت اور پناہ دی ہے۔ آپ بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کی حالت زار دیکھ لیں اس کے برعکس ہمارے ہاں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور حقوق حاصل ہیں۔ سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ آج بہت بابرکت دن ہے کیونکہ آج ہی کے دن ہمیں آزادی کی نعمت عطا ہوئی۔ آج بھی بھارت میں اقلیتوں کی حالت بہت بری ہے۔ میرے خیال میں بھار ت موجودہ صورتحال میں زیادہ دیر تک اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا۔ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ اﷲ تبارک و تعالیٰ کا ہم جتنا بھی شکر ادا کریں‘ کم ہے جس نے ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی۔ علامہ محمد اقبالؒ نے الگ اسلامی مملکت کا تصور پیش کیا اور قائداعظمؒ کی قیادت میں مسلمانان برصغیر نے اپنی منزل کو پالیا۔ نئی نسل پاکستان کی تاریخ کا بغور مطالعہ کرے۔ سجادہ نشین خانقاہ عالیہ بھرچونڈی شریف (سندھ) پیر عبدالخالق القادری نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم تحفہ ہے۔ آج ہم جو کچھ ہیں اس وطن کی وجہ سے ہیں اور ہمیں اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دینا چاہئے۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن جسٹس (ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا کہ 14 اگست کا دن جہاں ہمارے لئے فخر اور خوشی کا دن ہے وہیں لاکھوں شداء کے خون سے وفا کا دن بھی ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرزکے رکن جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ مسلمانان برصغیر کی یہ خوش نصیبی تھی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے انہیں قائداعظم محمد علی جناحؒ جیسا دُوراندیش رہنما عطا فرما یا۔ آج ہم جو کچھ بھی ہیں‘ پاکستان کی برکت سے ہیں‘ لہٰذا ہمارا ہر کام اس کے استحکام کی خاطر ہونا چاہیے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف نے کہا نظریۂ پاکستان ٹرسٹ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریات و تصورات کے مطابق وطن عزیز کو ایک جدید اسلامی فلاحی جمہوری ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا آج کچھ عناصر کہہ رہے ہیں کہ ہم پاکستان کا یوم آزادی نہیں منائیں گے ہم ان کی مذمت کرتے ہیں۔ سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے کہا کہ قائداعظمؒ نے پاکستان بنا کر برصغیر کے مسلمانوں پر ایک احسان عظیم کیا۔ نوجوان نسل کو قائداعظمؒ کی شخصیت کو ایک رول ماڈل کے طور پر اپنانا چاہیے۔ علامہ محمد اقبالؒ کے پوتے ولید اقبال ایڈووکیٹ نے کہا پاکستان کا یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے۔ آج مسلسل تیسری جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل ہو رہا ہے۔ قائداعظمؒ نے کرپشن، اقربا پروری اور عہدہ کے ناجائز استعمال کو لعنت قرار دیا تھا۔ آپ نے قوم کو انصاف اور غیر جانبداری کا پیغام دیا۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن محمد ارشد چوہدری نے کہا نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ آزادی کی قدر کرے۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن کرنل (ر) سلیم ملک نے کہا کہ 14 اگست کا دن انگریز‘ ہندو اور سکھ کے جبر‘ ظلم اور زیادتی سے آزادی کا دن ہے۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن فقیر محمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے حصول کی جدوجہد کے دوران مسلمانان برصغیر اپنے ذاتی، گروہی، علاقائی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہو گئے اور لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کر لیا۔ تحریک پاکستان کے کارکن ائیر کموڈور (ر) نسیم اللہ خان نے کہا کہ پاکستان بیش بہا قربانیوں کے بعد وجود میں آیا۔ ہمیں ایک مخلص سیاسی قیادت کی ضرورت ہے۔ تحریک پاکستان کے کارکن میاں محمد ابراہیم طاہر نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی، یہ جنت کا ٹکڑا ہے۔ ہمیں اِس کی قدر کرنی چاہئے۔ تحریک پاکستان کے کارکن رانا سجاد جالندھری نے کہا کہ آزادی کا دن ہمارے لیے سب سے بڑا اعزاز کا دن ہے یہ بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ تحریک پاکستان کے کارکن چودھری وحید احمد نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے پاکستان ایک خاص نعمت ہے۔ کارکنان تحریک پاکستان ملکی بہتری کے لئے دعا گو ہیں۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن محمد فیاض نے کہا کہ تعمیر پاکستان کے لئے ضروری ہے کہ ہم تحریک پاکستان والے جذبے سے کام کریں۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن چوہدری ظفر اللہ خان نے کہا یومِ آزادی دراصل تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم اور ہماری آنے والی نسلیں پاکستان کی بقا اور سالمیت کے لئے تن من دھن وار دیں گی۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن عبدالجبارنے کہا کہ قیام پاکستان گزشتہ صدی کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔ تحریکِ پاکستان کے کارکن ملک محمد امیر خان نے کہا کہ مسلم لیگ کو متحد ہونا چاہئے۔ مسلم لیگ متحد ہوئی تھی تو پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ تحریک پاکستان کے کارکن انور قادری نے کہا آج پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کا پاکستان بنانے کے لئے قانون کی حکمرانی کو رواج دینا ہو گا۔ تحریک پاکستان کے کارکن آغا محمد علی نے کہا پاکستان اللہ تعالیٰ کا عطیہ ہے اور اس کی حفاظت ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ تحریک پاکستان کے کارکن عبدالستار شیخ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں رہیں گے۔ سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے شرکاء کو یوم آزادی کی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ آج یوم تجدید عہد ہے، اس تقریب کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں کارکنان تحریک پاکستان مہمانان خاص ہیں۔ ان کارکنوں کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔یہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان کا گہوارہ ہے اور یہاں سے نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم و تربیت کی جا رہی ہے۔ ہم کارکنان تحریک پاکستان کی قیادت میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے اور ہماری منزل پاکستان کو ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانا ہے۔ پروگرام کے دوران کارکنان تحریک پاکستان کے اعتراف خدمت میں انہیں پھول پہنائے گئے۔قائداعظمؒ کے 30اکتوبر1947ء کے تاریخی خطاب کا اقتباس بھی حاضرین کو سنایا گیا۔ ننھی طالبہ ہادیہ ہاشمی نے خوبصور ت انداز میں ملی نغمہ پیش کیا جبکہ تحریک پاکستان کے کارکن محمد فیاض نے 1947ء میں ریڈیو پاکستان سے اپنے والدکی نشر ہونیوالی نظم سنائی۔ قبل ازیں ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور کے احاطہ میں محمد رفیق تارڑنے کارکنا ن تحریک پاکستان کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔پنجاب پولیس کے بینڈ نے خوبصورت دھن پر قومی ترانہ پیش کیا۔پرچم کشائی کی رسم اور خصوصی تقریب میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شعبہ خواتین کی کنوینر بیگم مہناز رفیع، سیکرٹری بیگم صفیہ اسحاق، کنوینر مادرملتؒ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، صدر نظریۂ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمدشفیع جوش، شفیق شاہ، کالم نگار محمد یٰسین وٹو، مرزا محمد صادق جرال، سید احسان احمد گیلانی، عابد خورشید، خالد اللہ خان، ڈاکٹر یعقوب ضیائ، جاوید اقبال بٹ، طلبا و طالبات، اساتذۂ کرا م سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

مزیدخبریں