پاک فضائیہ کا ایک لاکھ پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز، ایئرچیف نے افتتاح کیا

Aug 15, 2018

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کے 71ویںجشن آزادی کے مبارک موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے تمام افراد سے خطاب کیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ جہاں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پرہماری بھرپور توجہ ہے وہیں تعمیر ملت کے اقدامات کے ذریعے ملکی خوشحالی کے لئے کام کرنا ہمارا مقدس فریضہ ہے۔ اس موقع پر ائیر چیف نے پاک فضائیہ کو صاف سر سبز اور مشفق ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اسی تناظر میں ائیر چیف نے ائیر ہیڈکوارٹرز کے احاطہ میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا آغا ز کیا۔ اسی دوران تمام ریجنل ائیر کمانڈز میں پاک فضائیہ کے افراد نے ایک لاکھ پودے لگائے ۔اس مہم کے دوران پاک فضائیہ کی تمام بیسز اور فارمیشنز میں پچاس لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ائیر چیف نے پاک فضائیہ کی فیملیز خصوصاََ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس نیک مقصد کے لئے آگے بڑھیں اور زیا دہ سے زیادہ درخت لگ کر ملک میں سر سبز انقلاب کی بنیاد رکھیں۔ ائیر چیف نے کہا کہ اس مہم سے نہ صرف پاکستان کو ایک بہترین ماحول کا حامل ملک بننے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے ہمارا ایکو سسٹم بھی بہتر ہو گا۔ انہوں نے پانی اور بجلی کے بہتر استعمال پر زور دیا تاکہ ملک میں آبی ذخائر کی کمی کے مسئلے سے نبٹنے میں آسانی ہو۔

مزیدخبریں