نارووال (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا پاکستان کی دھرتی میں ہمارے ابائو اجداد کا خون شامل پاکستان کو بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، حضرت قائداعظم نے 23 مارچ 1940 کو لاہور میں اجلاس کے دوران جب پاکستان کوعلیحدہ آزاد اور خود مختار ملک کی قرارداد پیش کی گئی اس مطالبہ کو مذاق سمجھا گیا اُس وقت ہندوستان میں مسلمانوں پسے ہوئے تھے لیکن قائداعظم نے صرف 7 سالوں میں ایک آزاد اور خود مختار ملک انتھک محنت سے حاصل کرکے دیکھایا آج پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے وزیراعظم کو جیل بھیج دیا گیا اگر میاں محمد نواز شریف کو ایک ہفتہ انتخابی جلسے کرنے کی اجازت دی گئی ہوتی تو میں دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں پاکستان تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط ہو جاتیں نواز شریف کو ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی سزا دی جا رہی ہے، کل ہائی کورٹ کے ریمارکس اس بات کا ثبوت ہیں کہ نواز شریف کو ووٹ کو عزت دو کے نعرہ پرسزا دی گئی۔ ہم آج ایٹمی طاقت ملک تو بن گئے اور 70 سالوںسے ایک ابھرتی ہوئی معیشت کا نقشہ تو بنایا لیکن آگے نہ جاسکے یہ سوچنا ہے کہ دوسری قومیں بعد میں آزاد ہوکر ہم سے آگے کیسے چلی گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی میں جشن آزادی کے حوالہ سے پرچم کشائی اور رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ موقع پر سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و نومنتخب ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ، بلال اکبر چوہدری ایم پی اے، سابق اقلیتی ایم پی اے رامیش سنگھ اروڑا، ایم پی اے رانا منان خان، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ ن ملک طارق اعوان، ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین احمد اقبال، چیئرمین مونسپل کمیٹی شہزادہ اظہرالحسن،مسلم لیگی رہنما سعید الحق ملک، نیشنل پریس کلب کے صدر بابائے صحافت ایم حفیظ اللہ، یوسی چیئرمین و کونسلرز کے علاوہ سکول کے طلباء و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ احسن اقبال نے کہا پاکستانی قوم کو ان کا اختیار نہیں دیا گیا عوام کو 2 نمبر پاکستانی سمجھاجاتا ہے، جب بھی ہم کھڑے ہونے لگتے ہیں ہمیں بیٹھا دیا جاتا ہے، اس کی مثال الیکشن 2018 ہے جس میں شب خون مارا گیا 2013 کے الیکشن میں صرف عمران خان دھاندلی دھاندلی کہتا تھا 2018 کے الیکشن کو صرف عمر ان خان درست قرار دے رہا ہے اور باقی تمام جماعتیں اس کو دھاندلی زدہ الیکشن قرار دے رہی ہیں۔ مجھے گولی کسی دشمن نے نہیں ماری بلکہ اپنوں سے لگی، میرے خلاف تحریک لبیک اور پی ٹی آئی نے مذہبی تحریک چلائی وہ لوگ رسوا ہوئے۔ ہمیں ملک سے نفرت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے گئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔