روم (اے ایف پی+ صباح نیوز) اٹلی کے شمال مشرقی شہر جیونا میں موٹر وے کا پل منہدم ہونے سے 30 افراد ہلاک اور 14زخمی ہو گئے۔ بیسیوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اٹلی کے ڈپٹی ٹرانسپورٹ وزیر ایڈورڈو رکس نے سکائی چینل ٹی جی 24 کو بتایا زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ واقعہ کی انکوائری شروع کر دی گئی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی شہر جنووا میں زمین سے 100میٹر اونچائی پر بنا رابطہ پل کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، پل ٹوٹنے کے وقت کئی گاڑیاں اس سے گزر رہی تھیں جس میں درجنوں افراد سوار تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے پل گرنے کے واقعے کو ایک بڑا سانحہ قرار دیا ہے جب کہ یورپی پارلیمنٹ کے صدر نے ٹوئٹر پیغام میں سانحے کے متاثرین سے اظہار ہمددری کیا۔ یہ پل پونتے موراندی کے نام سے جانا جاتا ہے کہ جو کہ اے 10موٹروے کے ذریعے جنووا کو دیگر شہروں سے جوڑتا ہے۔ جنیووا میں پیش آنے والے حادثے کے بعد اٹلی کے میلان سٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا اور سٹاک 9 اعشاریہ 7 فیصد تنزلی کا شکار ہوا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس حادثے کی وجوہات کے حوالے سے تاحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم یہ پل گذشتہ 50 برس سے زیر استعمال تھا اس لئے ہو سکتا ہے کہ موسمی تبدیلیوں یا دیگر وجوہات بھی اس پل کے گرنے کی وجوہات ہو سکتی ہے۔
اٹلی: موٹروے کا پل گرنے سے30 افراد ہلاک‘ کئی گاڑیاں تباہ
Aug 15, 2018