لاہور (سپورٹس ڈیسک)انگلینڈکے آل رائونڈر بین سٹوکس کو عدالت نے بے قصور قرار دیدیا ۔ گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں عدالت نے کہا کہ بین سٹوکس کے جھگڑے میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں ۔ ان کے وکیل نے کہا کہ گیارہ ماہ سے جاری مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔ بین سٹوکس کرکٹ میں واپسی کیلئے پر عزم ہیں ۔ گزشتہ سال ستمبر میں ہوٹل میں کرکٹر اور دیگر افراد کے درمیان جھگڑا ہو ا تھا جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کرکٹر کو کھیلنے سے روک دیا تھا ۔ مقدمہ کے اختتام پر بین سٹوکس اور علی نے ہاتھ ملائے ۔ فیصلہ سنتے وقت سٹوکس کی بیوی نے شور کیا جبکہ کرکٹر نے آنکھیں بند کرلیں اور آسمان کی طرف دیکھنے ہوئے سکھ کا سانس لیا ۔ برسٹل کرائون عدالت نے مقدمہ کی چھ دن تک سماعت کی ۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے بین سٹوکس کو عدالت سے بے قصور قرار دینے پر بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے سکواڈ میں بھی شامل کرلیا ۔